07 مارچ ، 2025
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد سے داعش کے دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری اس بات کی مظہر ہے کہ انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں پاکستان اور امریکا کا تعاون انتہائی اہم ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان ٹیمی بروس نے یہ بات واشنگٹن ڈی سی میں محکمہ خارجہ میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے خطاب میں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ داعش کے دہشت گرد اور کابل ائیرپورٹ کے ایبی گیٹ پر خودکش حملے منصوبہ ساز اور ذمہ دار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اس واقعہ میں 13 امریکی اہلکار اور 160 سے زائد افغان مارے گئے تھے۔
محمد شریف اللہ کے بارے میں ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ ملزم اس وقت حراست میں ہے اور امریکا اس تعاون پر حکومت پاکستان کا شکر گزار ہے۔
انہوں نے کہا یہ اظہار تشکر اس شراکت داری کے لیے ہے کہ محمد شریف اللہ کو انصاف کے کٹہرے تک لایا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ جہاں تک پاکستان سے امریکا کے تعلقات کی نوعیت کا تعلق ہے تو یہ ہمارا مشترکا مفاد ہے کہ دہشت گردی کے خلاف لڑیں اور اس دہشت گرد کی گرفتاری اس بات کا اظہار ہےکہ امریکا اور پاکستان کے درمیان انسداد دہشت گردی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے سی آئی اے کی دی گئی معلومات کی بنیاد پر داعش کےکمانڈر کو گرفتار کیا جو 2021 میں افغانستان میں امریکی فوج کے انخلا کے موقع پر کی گئی بھیانک دہشتگردی کی سازش میں ملوث تھا۔