Time 07 مارچ ، 2025
صحت و سائنس

ماہ رمضان میں تلی ہوئی غذا اور میٹھے کے زیادہ استعمال سے معدے کے امراض میں اضافہ

ماہ رمضان میں تلی ہوئی غذا اور میٹھے کے زیادہ استعمال سے معدے کے امراض میں اضافہ
جناح اسپتال میں ہیضہ اور تیزابیت کے روز 70 سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں: انچارج ایمرجنسی ڈاکٹر عرفان/ فائل فوٹو

کراچی: رمضان المبارک میں تلی ہوئی اشیاء اور میٹھےکے زیادہ استعمال سے معدےکی بیماریوں میں اضافہ ہونے لگا۔

جناح اسپتال کے ایمرجنسی انچارج  ڈاکٹر عرفان کے مطابق  ماہ رمضان میں تلی ہوئی اشیاء اور میٹھےکے زیادہ استعمال سے معدےکی بیماریاں بڑھ رہی ہیں، جناح اسپتال میں ہیضہ اور تیزابیت کے روز 70 سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

ڈاکٹر عرفان نے بتایا کہ عام دنوں میں جناح اسپتال میں ہیضہ اور تیزابیت کے روز تقریباً 30 کیس رپورٹ ہوتے ہیں۔ 

دوسری جانب ایمرجنسی انچارج  سول اسپتال ڈاکٹر عمران کا کہنا ہےکہ سول اسپتال میں ہیضہ اور معدے کےامراض کے 60 سے 70 کیسز روزانہ رپورٹ ہورہے ہیں، ہیضہ اور تیزابیت کا شکارلوگوں کی بڑی تعداد ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کی ہے۔

اس حوالے سے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سحری اورافطاری میں دہی کا استعمال لازمی اور چائے کا استعمال کم کریں، سحری اور افطاری کے بعد چہل قدمی کریں اور فوری سونے سے گریزکریں۔

طبی ماہرین کے مطابق کھانے میں اعتدال رکھیں، مصالحے دار اور تلی ہوئی غذا کے بجائے دلیہ، پھل اور سلاد کا استعمال کریں جب کہ  پانی، لیموں اور تازہ جوس کو ترجیح دی جائے۔ 

مزید خبریں :