09 مارچ ، 2025
دبئی میں ہونے والے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں میزبان ملک پاکستان کے کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی کے نہ ہونے کی وجہ سامنے آگئی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود نہیں تھے جب کہ فائنل کی پریزینٹیشن میں بھی ان کی عدم موجودگی کو پاکستانی شائقین نے نوٹ کیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی خرابی صحت کی وجہ سے فائنل میں موجود نہیں تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے محسن نقوی کو فائنل کی پریزینٹیشن میں جانا تھا۔
محسن نقوی طبیعت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے فائنل میں شریک نہ ہوسکے۔
پی سی بی کے سی ای او اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سید سمیر فائنل میں موجود تھے تاہم اس کے باوجود آئی سی سی نے سید سمیر کو پریزینٹیشن پر نہیں بلایا۔
خیال رہے کہ بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز اسکور کیے، بھارت نے ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔