10 مارچ ، 2025
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ ان کا بیٹے اذہان کے ساتھ دوستی والا تعلق ہے۔
حال ہی میں شعیب ملک نے نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران بیٹے اذہان کے ساتھ اپنے تعلق پر بات کی۔
شعیب ملک نے کہا کہ ’والدین کا بچوں کے ساتھ دوستی والا تعلق ضرور ہونا چاہیے، اذہان اگرچہ میرا بیٹا ہے لیکن اس کے ساتھ میرا تعلق دوستی کا ہے وہ مجھے ’bro‘کہتا ہے اور میں بھی اذہان کو کبھی کبھی ’ bro‘ہی کہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ’میری کوشش ہوتی ہے میں مہینے میں 2 مرتبہ دبئی جاکر اذہان سے ملوں، اس دوران میں جتنے دن بھی دبئی میں قیام کرتا ہوں اذہان کو اسکول کیلئے میں ہی ڈراپ اور پک کرتا ہوں‘۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ’ اس دوران میں اذہان کے ساتھ ٹینس کلاس اور فٹ بال کلاس سمیت ساری سرگرمیاں ہوں، اذہان کے آف پر ہم پارک جاتے ہیں اور وہ میرے ساتھ کھیلتا ہے، اس کے علاوہ ہم ہر روز ویڈیو کال پر بھی بات کرتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور سابق پاکستانی کرکٹر شعیب ملک 2010 میں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے دونوں کا ایک بیٹا اذہان ہے تاہم گزشتہ برس دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔