07 مارچ ، 2013
لاہور…عام انتخابات کے لئے پولنگ عملے کی تربیت شروع کردی گئی ہے۔ پریذائیڈنگ آفیسرز کو ووٹرز کی تصویری لسٹیں فراہم کرنے کے علاوہ مجسٹریٹ کے اختیارات بھی تفویض کئے گئے ہیں ۔ مقامی ہوٹل میں سجایا گیا یہ منظر فرضی پولنگ اسٹیشن کا ہے جہاں پولنگ عملے کی تربیت کیلئے ماسٹر ٹرینرز تیار کئے جا رہے ہیں۔زیر تربیت افسران کوووٹرز کی تصدیق،انگوٹھے پر سیاہی لگانے،بیلٹ پیپر کے اجراء اس پر مہر لگانے اور اسے بیلٹ بکس میں ڈالنے سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے۔تربیتی ورکشاپ میں پولنگ عملے کے اختیارات اور دیگر امور کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تربیتی پروگرام دوماہ تک جاری رہ سکتا ہے۔دھاندلی کوکیسے روکنا ہے اور انتخابات کوہائی جیک ہونے سے کیسے بچانا ہے،الیکشن کمیشن کا عملہ ان دنوں ایسے ہی تربیتی مرحلے سے گزر رہا ہے۔