12 مارچ ، 2025
واشنگٹن: امریکا میں اسٹیل اور الومینیم کی تمام درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف آج سےنافذ العمل ہوگیا۔
امریکی ٹیرف کےجواب میں یورپی یونین نے بھی یکم اپریل سے 28ارب ڈالر سے زائد مالیت کی امریکی مصنوعات پر ٹیرف عائد کرنےکا اعلان کردیا۔
برطانوی وزیر تجارت نے بھی ٹیرف کے نفاذ پر مایوسی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کاروباری مفادات کے لیے امریکا کے ساتھ رابطہ رکھیں گے، تاہم تمام آپشنز کھلےرکھیں گے اور قومی مفاد میں جواب دینے سے نہیں ہچکچائیں گے۔
چین نے بھی امریکی اقدام کو عالمی تجارتی تنظیم کے قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتےہوئے کہا ہے کہ تجارتی اور ٹیرف کی جنگ میں کوئی فاتح نہیں، اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔
جاپان اور آسٹریلیا نے بھی امریکی ٹیرف پر افسوس کا اظہار کیا ہے، جاپانی حکومت کا کہنا ہے کہ جاپان کو استثنیٰ نہ دیے جانےکے اقدام سے دوطرفہ اقتصادی تعلقات پر اثرپڑےگا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکی اقدام سے مایوسی ہوئی، یہ اقدام دونوں قوموں کی پائیدار دوستی کے خلاف ہے تاہم جوابی ٹیرف عائد نہیں کریں گے۔