Time 14 مارچ ، 2025
انٹرٹینمنٹ

عمر شہزاد کا اچانک اور مسجد نبوی میں نکاح کس طرح ہوا؟ اداکار نے قصہ سنادیا

عمر شہزاد کا اچانک اور مسجد نبوی میں نکاح کس طرح ہوا؟ اداکار نے قصہ سنادیا
اداکار عمر شہزاد نے حال ہی میں انسٹاگرام انفلوئنسر شانزے لودھی سے مدینے میں نکاح کیا/ فائل سوشل میڈیا

پاکستانی اداکار عمر شہزاد نے اپنی اچانک شادی اور مسجد نبوی میں نکاح کا قصہ سنادیا۔

اداکار عمر شہزاد نے حال ہی میں انسٹاگرام انفلوئنسر شانزے لودھی سے مدینے میں نکاح کیا جس کے بعد اہلیہ کے ہمراہ عمرے کے دوران لی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے نکاح کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔

حال ہی میں اداکار عمر شہزاد کے نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے شو کی مہمان  سینئر اداکارہ روبینہ اشرف بنیں جنہوں نے عمر شہزاد کو ان کی شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ان سے اچانک نکاح کی وجہ دریافت کی؟

 روبینہ اشرف کے سوال پر اداکار عمر شہزاد نے بتایا کہ ’ہماری شادی کے حوالے سے دونوں خاندانوں میں بات چیت جاری تھی لیکن مسجد نبوی میں نکاح کا فیصلہ ہم دونوں کا باہمی تھی جس کیلئے میں نے پہلے اپنی اہلیہ سے بات کی‘ ۔

عمر شہزاد کے مطابق میں نے نکاح سے قبل اہلیہ سے کہا کہ’ میں ازدواجی زندگی کا آغاز مسجد نبوی میں کرنا چاہتا ہوں، اہلیہ میری بات سن کر خاصی جذباتی ہوگئیں اور کہا کہ یہ میری دل کی خواہش تھی اور آپ نے کہہ دی‘۔

اداکار نے بتایا کہ  ’اس کے چند دنوں بعد ہی اللہ نے مسجد نبوی میں ہمارے نکاح کیلئے سارے معاملات آسان کردیے، میرے بھائی بھابھی جرمنی سےمدینہ پہنچے، پاکستان سے میری اور اہلیہ کی فیملی وہاں پہنچ گئی، مجموعی طور پر خاندان کے 21 لوگوں نے ہمارے نکاح میں شرکت کی‘۔ 

انہوں نے بتایا کہ ’مدینے پہنچنے کے بعد مسجد نبوی میں نکاح کیسے ہوگا میں اس سے بھی لاعلم تھا جس کیلئے ایک دوست سے رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ مکہ المکرمہ سے زیادہ مسجد نبوی کے قواعد و ضوابط سخت ہیں، مسجد نبوی کے احاطے میں اس کی اجازت نہیں اور اگر انتظامیہ کو پتا چل جائے تو اس پر جرمانہ حتیٰ کہ قاری کو بھی سزا یا جرمانہ کا سامنا کرنا پڑے گا، میں یہ سن کر پریشان ہوگیا ‘۔

عمر شہزاد نے مزید بتایا کہ’ اسی رات مجھے ایک دوست کا فون آیا اس نے  بتایا کہ ایک  عالم ریاض سے مدینہ آئے ہوئے ہیں اور جب میں نے ان سے تمہارے نکاح کی خواہش کا ذکر کیا تو انہوں نے خود نکاح پڑھوانے کیلئے رضامندی کاا ظہار کیا، اس کے بعد ہم نے فجر کے بعد 7 بجے کا وقت نکاح کیلئے شیڈول کیااور ہمارا نکاح بخیروعافیت بہت آسانی سے مدینے میں ہوگیا‘۔

مزید خبریں :