Time 14 مارچ ، 2025
جرائم

صحافی کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کا کیس، ملزم ارمغان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

صحافی کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کا کیس، ملزم ارمغان جسمانی ریمانڈ پر  پولیس کے حوالے
مدعی مقدمہ نے ملزم کو شناخت کر لیا ہے، تفتیشی افسر/ فائل فوٹو 

کراچی: انسداد دہشتگردی عدالت نے نجی ٹی وی چینل کے دفتر کے باہر فائرنگ کرکے صحافی کو زخمی کرنے کے مقدمے میں ملزم ارمغان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر  پولیس کے حوالے کر دیا۔ 

نجی ٹی وی چینل کے دفتر کے باہر فائرنگ کرکے صحافی کو زخمی کرنے کے مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت میں ہوئی جہاں  ملزم ارمغان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ 

تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ ملزم نے صحافی ندیم احمد کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا، مدعی مقدمہ نے ملزم کو شناخت کرلیا ہے۔ 

پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ صحافی ندیم احمد کو زخمی کرنے کا مقدمہ بہادرآباد تھانے میں درج ہے۔ 

بعد ازاں عدالت نے ملزم ارمغان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور ملزم کو دوران تفتیش تشدد کا نشانہ نا بنانے اور 18 مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ 

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم ارمغان کو بہادر آباد پولیس نے جسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کیا، تفتیشی افسرنے کہا کہ ملزم سے اسلحہ برآمد کرنا ہے اور تفتیش کرنی ہے۔ 

عدالت نے کہا کہ ملزم ارمغان کا کہنا تھا کہ اس پر تشدد ہوا ہے،  ملزم کا کہنا تھا کہ اس کی گردن اور بازو پر ماچس کی تیلیاں جلا کر لگائی گئی مگر ملزم ارمغان عدالت میں تشدد کے نشانات دیکھانے میں ناکام رہا ہے۔ 

عدالت نے کہا ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے ملزم ارمغان کو مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا تھا، مدعی مقدمہ نے ملزم ارمغان کو تھانے میں جاکر شناخت کیا تھا، مدعی مقدمہ نے ملزم کو سوشل میڈیا پر دیکھا جو کسی اور کیس میں گرفتارتھا، مدعی کے شناخت کرنے پر ملزم کو بہادر آباد تھانے کے کیس میں دوبارہ گرفتار کیا گیا۔ 

واضح رہے کہ ارمغان مصطفیٰ قتل کیس کا مرکزی ملزم ہے اور کیس کی تفتیش تاحال جاری ہے۔ 

مزید خبریں :