Time 16 مارچ ، 2025
کاروبار

حکومت نے پیٹرول پر لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا

حکومت نے پیٹرول پر لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا
فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول پر لیوی میں 10 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا ہے۔

وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر لیوی 60 سے بڑھا کر 70 روپے فی لیٹرکردی گئی ہے۔

ڈیزل پربھی لیوی 10 روپے فی لیٹر بڑھائی گئی ہے، ڈیزل پر لیوی 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپےکر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پرلیوی میں اضافےکا اطلاق 16مارچ سے ہوگا۔

یاد رہےکہ  وفاقی حکومت نے مالی سال 2025 کے وفاقی بجٹ میں پیٹرولیم لیوی کو 60 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 80 روپےکرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم حکومت نے وقفے وقفے سے 20 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد کرنےکا فیصلہ کیا تھا۔

عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دیکھی جارہی ہے اور اگر پیٹرولیم لیوی میں موجودہ اضافہ نہیں ہوتا تو عوام کو پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے تک ریلیف مل سکتا تھا۔

 آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار  ہیں گی

دوسری جانب حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنےکا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیےکے مطابق  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھ کر حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دینےکی تیاری کر رہی ہے، بجلی کےنرخوں میں کمی سے متعلق پیکج کا اعلان آئندہ چندہفتوں میں کیا جائےگا، مجوزہ ریلیف سےمتعلق وزیراعظم جلد قوم کو آگاہ کریں گے۔

خیال رہےکہ ذرائع نے بتایا تھا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر بڑا ریلیف مل سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 10روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ تاہم حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنےکا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت 255 روپے 63 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی  قیمت 258 روپے 64 پیسے پر برقرار ہے۔

مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 168 روپے 12 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 153 روپے 34 پیسے فی لیٹر  پر برقرار رکھی گئی ہے۔

مزید خبریں :