Time 17 مارچ ، 2025
انٹرٹینمنٹ

باضابطہ طلاق نہیں ہوئی، اے آر رحمان کی سابقہ اہلیہ نہ کہا جائے: سائرہ بانو

باضابطہ طلاق نہیں ہوئی، اے آر رحمان کی سابقہ اہلیہ نہ کہا جائے: سائرہ بانو
 گزشتہ برس نومبر میں سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا/فوٹوفائل

آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان  کی اہلیہ سائرہ بانو نے خود کو اے آر  رحمان کی سابقہ اہلیہ نہ کہنے کی درخواست کی ہے۔

 گزشتہ برس نومبر میں  سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ کی جانب سے اے آر رحمان اور سائرہ کی علیحدگی کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کئی سالوں کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں پیچیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں اے آر رحمان کی طبیعت ناساز ی اور ان کے اسپتال میں داخل ہونے کے بعد سائرہ بانو نے  ان کی صحت یابی کیلئے دعاکرتے ہوئے ان سے  اپنے تعلق کو واضح کیا ہے۔

سائرہ بانو کا بیان

بھارتی میڈیا کے مطابق سائرہ بانو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ’ میں آپ سب کو بتانا چاہتی ہوں  کہ ہماری باضابطہ طلاق نہیں ہوئی ہے، ہم اب بھی میاں بیوی ہیں، بس اب ہم علیحدہ ہوگئے ہیں کیونکہ میں پچھلے 2 سالوں سےبہتر  نہیں تھی اور میں اے آر رحمان پر اس کے لیے  زیادہ دباؤ نہیں ڈالنا چاہتی تھی لیکن برائے مہربانی مجھے اے آر رحمان کی  'سابقہ ​​بیوی' نہ کہا جائے،  میری دعائیں ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں‘۔

اے آر رحمان کی صحت یابی کے حوالے سے شیئر کیے گئے نوٹ میں سائرہ بانو نے لکھا کہ ’ اے آر میری دعاؤں میں ہمیشہ سے شامل ہیں اور میں ان کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، اس مشکل وقت میں، میں ان کے ساتھ کھڑی ہوں، مجھے اطلاع ملی کہ انہیں سینے میں تکلیف محسوس ہوئی اور ان کی انجیوپلاسٹی کی گئی ہے لیکن اللّٰہ کے فضل سے وہ اب ٹھیک ہیں۔‘

مزید خبریں :