Time 17 مارچ ، 2025
صحت و سائنس

وہ عام ترین غذائی جز جس کا زیادہ استعمال امراض قلب اور کینسر کا شکار بناسکتا ہے

وہ عام ترین غذائی جز جس کا زیادہ استعمال امراض قلب اور کینسر کا شکار بناسکتا ہے
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

اگر آپ امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور کینسر سے خود کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو گھی کا استعمال کم از کم کریں اور اس کی جگہ ویجیٹیبل آئلز کا زیادہ استعمال کریں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

بریگھم اینڈ ویمنز ہاسپٹل کی تحقیق میں بتایا گیا کہ گھی کے کم جبکہ ویجیٹیبل آئلز کے زیادہ استعمال سے قبل از وقت موت کا خطرہ 17 فیصد تک گھٹ جاتا ہے جبکہ کیسنر اور امراض قلب سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

اس تحقیق میں 2 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 3 دہائیوں تک لیا گیا اور ان کی غذائی عادات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اس دوران ہر 4 برسوں میں ان افراد سے مختلف سوالنامے بھروائے گئے اور جانا گیا کہ گزشتہ برس انہوں نے کسی غذا کو کتنی مقدار میں استعمال کیا۔

ان سے یہ بھی معلوم کیا گیا کہ وہ کس طرح کی چکنائی اور آئلز کو استعمال کرتے ہیں۔

بعد ازاں طرز زندگی کے عناصر جیسے جسمانی وزن، جسمانی سرگرمیوں، تمباکو نوشی، الکحل کے استعمال، ذیابیطس، کینسر اور امراض قلب کی خاندانی تاریخ وغیرہ کو مدنظر رکھا گیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد روزانہ زیادہ مقدار میں گھی استعمال کرتے ہیں ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ 15 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

اس کے مقابلے میں ویجیٹیبل آئلز خصوصاً سویابین، کینولا اور زیتون کے تیل کو استعمال کرنے والے افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ 16 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ تحقیق کا پیغام واضح ہے گھی کا کم استعمال کریں جبکہ کینولا، سویا بین یا زیتون کے تیل کو ترجیح دیں تاکہ صحت بہتر ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ لوگ گھی کو کھانا بالکل ہی چھوڑ دیں، مگر ہم مشورہ دینا چاہتے ہیں کہ اس کی مقدار میں کمی لائی جائے جبکہ نباتاتی آئلز کی مقدار کو بڑھایا جائے تاکہ صحت کو طویل المعیاد بنیادوں میں فوائد حاصل ہوسکیں گے۔

انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کتنی مقدار میں گھی کا استعمال نقصان دہ نہیں، بس یہ بتایا کہ مقدار جتنی کم ہو بہتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر چیز کو اعتدال میں رہ کر استعمال کرنا بہتر ہوتا ہے اور گھی کے کم استعمال سے دنیا کا اختتام نہیں ہو جاتا۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل جاما انٹرنل میڈیسن میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :