18 مارچ ، 2025
قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس آج ہوگا ،عسکری قیادت موجودہ سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے اپنے بیان میں اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق کی۔
اخونزادہ حسین یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد نے قومی سلامتی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی اور حکومت کے رابطے پر پاکستان تحریک انصاف نے ان کیمرا اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے 14 نام اسپیکر کو بھجوا دیے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کی ایڈوائس پر قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جو کہ آج دن 11 بجے ہوگا۔
ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا کہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس قومی اسمبلی ہال میں منعقد کیا جائے گا جس میں پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر اور ان کے نامزد نمائندےشرکت کریں گے، متعلقہ اراکین کابینہ بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔