Time 21 مارچ ، 2025
دلچسپ و عجیب

17 کروڑ کی ساڑھی، 90 کروڑ کے زیورات! بھارت کی مہنگی ترین شادی کتنے میں ہوئی، یہ کس کی شادی تھی؟

17 کروڑ کی ساڑھی، 90 کروڑ کے زیورات! بھارت کی مہنگی ترین شادی کتنے میں ہوئی، یہ کس کی شادی تھی؟
تقریب میں 40 بیل گاڑیاں مہمانوں کو پنڈال تک پہنچانے کے لیے مختص تھیں، 2000 ٹیکسیاں اور 15 ہیلی کاپٹرز وی آئی پی مہمانوں کے لیے تھے__فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت کی عالیشان شادی کا سُن کر ذہن میں امیر ترین تاجر مکیش امبانی یا گوتم اڈانی کے خاندانوں کی شادیاں آتی ہیں لیکن کچھ سال قبل ایک ایسی شادی بھی ہوئی تھی جس نے ان امیر تاجروں کی بھرپور برابری کرنے کی کوشش کی۔

بھارت میں اگر کسی شادی کی بات کی جائے جس نے سب کو حیران کر دیا تو وہ ریاست کرناٹکا کے سابق وزیر جناردھن ریڈی کی بیٹی کی شادی تھی، جسے بھارت کی سب سے مہنگی شادی قرار دیا جا رہا ہے۔

16 نومبر 2016 کو ہوئی یہ شادی 500 کروڑ روپے کے بجٹ سے منعقد کی گئی تھی جس میں 50000 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی، جناردھن ریڈی نے اس یادگار تقریب کو 5 دن تک جاری رکھا۔

مہمانوں کی میزبانی کے لیے بنگلورو کے فائیو اسٹار اور تھری اسٹار ہوٹلز میں 1500 کمرے بک کیے گئے، شادی کا مقام وجے نگر سلطنت کے مندروں کی طرز پر بنایا گیا، جس کے لیے بالی وڈ کے معروف آرٹ ڈائریکٹرز کی خدمات لی گئیں، کھانے کے ہال کو بیلاری گاؤں کی طرز پر ڈیزائن کیا گیا تاکہ اسے ایک روایتی انداز دیا جا سکے۔

دلہن کی تفصیلات:

دلہن برہمانی  تقریب میں سب کی توجہ کا مرکز رہی، انہوں نے معروف ڈیزائنر نیتا لُلا کی تیار کردہ سرخ ساڑھی زیب تن کی، جس کی مالیت 17 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، اس ساڑھی پر سونے کے دھاگوں سے کڑھائی کی گئی تھی۔

ان کے زیورات بھی بے حد قیمتی تھے جن کی کل مالیت 90 کروڑ روپے تھی، جب کہ میک اپ پر 30 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

تقریبات کے دیگر اخراجات:

تقریب میں 40 بیل گاڑیاں مہمانوں کو پنڈال تک پہنچانے کے لیے مختص تھیں، 2000 ٹیکسیاں اور 15 ہیلی کاپٹرز وی آئی پی مہمانوں کے لیے تھے، کھانے میں شاہی پکوان، خصوصی تھالی میں 16 اقسام کی مہنگی مٹھائیاں، جس کی فی پلیٹ لاگت 3000 روپے تھی۔

یہ شادی جتنی شاندار تھی اتنی ہی تنقید کا شکار بھی ہوئی، جناردھن ریڈی بی جے پی حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں، ان کو 500 کروڑ روپے کی فضول خرچی پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، سیاسی جماعتوں اور سماجی کارکنوں نے ان بے تحاشہ اخراجات پر سوالات اٹھائے اور ریڈی کی دولت کے ذرائع کی جانچ کا مطالبہ بھی کیا۔

مزید خبریں :