22 مارچ ، 2025
بالی وڈ فلم ساز اور ہدایتکار راکیش روشن نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ ریکھا کو فلم ’ خون بھری مانگ‘ میں کاسٹ کرنے سے قبل کئی لوگوں نے انہیں ریکھا کے غیر پیشہ ورانہ اور غصہ بھرے رویے سے خبردار کیا تھا۔
راکیش روشن نے حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ریکھا کے پیشہ ورانہ رویے پر بات کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنا کام کا تجربہ بھی شیئر کیا۔
راکیش روشن اداکارہ ریکھا کو بالی وڈ فلم خون بھری مانگ، خوبصورت، اکرمن اور عورت سمیت متعدد فلموں میں کاسٹ کرچکے ہیں۔
فلم ’خون بھری مانگ ‘کیلئے ریکھا کی کاسٹنگ سے متعلق راکیش روشن نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ’ لوگوں نے مجھے ریکھا کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے خبردار کیا تھا اور کہا تھا کہ تم اس کے ساتھ فلم بنا رہے ہو، وہ کبھی وقت پر نہیں آتی، ہمیشہ وقت سے پہلے چلی جاتی ہے، اس دوران میں نے ریکھا کے غیر پیشہ ورانہ اور غصے کی کئی باتیں سنی لیکن میں بذات خود اس کا گواہ نہیں بنا جب بھی میں نے ان کے ساتھ کام کیا ، ان میں ایسا کچھ نہیں دیکھا ‘ ۔
راکیش روشن نے بتایا کہ ’اس فلم کیلئے جب میں بطور ڈائریکٹر ریکھا کے پاس گیا تو میں نے ان سے کہا، سنو، یہ میری دوسری فلم ہے اور یہ عورت پر مبنی ایک مشکل موضوع کی فلم ہے، جس میں بیوی اپنے شوہر کو مار دیتی ہے‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس روز میں نے ریکھا سے واضح طور پر پوچھا، تم مجھے کوئی تکلیف تو نہیں پہنچاؤں گی؟ جس پر ریکھا نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ نہیں؟ آپ کیا کہہ رہے ہیں؟ کیا میں نے کبھی ایسا کیا ہے؟‘
ہدایتکار کے مطابق ریکھا نے واضح کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’میں صرف ان لوگوں کو پریشان کرتی ہوں جو مجھے ادائیگی نہیں کرتے یا اپنے وعدے پورے نہیں کرتے۔'