22 مارچ ، 2025
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق نوشکی کے علاقے غریب آباد میں پولیس موبائل پرحملہ اُس وقت ہوا جب وہ گشت کررہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے جن میں ہیڈ کانسٹیبل نذیر احمد، کانسٹیبل منصوراحمد، کانسٹیبل عبد الکریم اور کانسٹیبل عبدالقاہر شامل ہیں۔
حکام نے بتایاکہ قتل کیے جانے والے پولیس اہلکاروں کا تعلق نوشکی کے مختلف علاقوں سے ہے اور اہلکاروں کی میتیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نوشکی میں پولیس موبائل پر حملے اور مزدوروں کے قتل کی مذمت کی اور کہاکہ پولیس اہلکاروں اوربےگناہ مزدوروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ خون بہانے والوں کوبلوچستان میں چھپنے نہیں دیں گے، سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
قبل ازیں بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگچر میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔