23 مارچ ، 2025
پنجاب پولیس نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں کریمنلز کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے خطرناک ڈاکو شاہ میر عرف میرا کوش اور حکیم کوش کو ہلاک کر دیا۔
ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی قیادت میں پولیس نے کچہ ماچھکہ سندھ کے سرحدی علاقے میں آپریشن کیا جس میں بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کمانڈوز سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس کارروائی میں خطرناک ڈاکو شاہ میر عرف میرا کوش اور حکیم کوش مارے گئے، ہلاک ڈاکو گزشتہ سال کچہ ماچھکہ میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں مرکزی ملزم تھے۔
پولیس نے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر چڑھائی کی، دو طرفہ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم ڈاکو سندھ کی طرف فرار ہوگئے۔
پنجاب پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد کچہ کریمنلز کی کمین گاہیں نذرآتش کر دیں، پولیس بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ ڈاکوؤں کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 22 اگست کو ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے حملہ کرکے پولیس کے 12 جوانوں کی شہید کیا تھا۔