24 مارچ ، 2025
حالیہ مہینوں کے دوران میٹا کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی متعدد فیچرز فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ میں متعارف کرائے گئے ہیں۔
اب میٹا کی خواہش ہے کہ آپ اے آئی کو دوستوں کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے بھی استعمال کریں۔
اس مقصد کے لیے انسٹا گرام میں ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جس کے ذریعے اے آئی ٹیکنالوجی فوٹو شیئرنگ ایپ میں صارفین کو کمنٹس تحریر کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔
ایک رپورٹ میں اس فیچر کے بارے میں بتایا گیا۔
رائٹ ود میٹا اے آئی نامی فیچر کی آزمائش انسٹا گرام میں کی جا رہی ہے۔
یہ فیچر جن صارفین کو دستیاب ہے وہ کسی پوسٹ کے نیچے موجود پینسل آئیکون کو دیکھ سکیں گے۔
اس آئیکون کو کلک کرنے پر صارفین کو میٹا اے آئی تک رسائی ملے گی اور یہ اے آئی چیٹ بوٹ تصویر کا تجزیہ کرکے کمنٹس کے لیے تجاویز فراہم کرے گا۔
میٹا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم اکثر اپنی ایپس میں میٹا اے آئی پر مبنی نئے فیچرز کی آزمائش کرتے رہتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈائریکٹ میسجز سے ہٹ کر آپ میٹا اے آئی کو کمنٹس، فیڈ، گروپس اور سرچ وغیرہ میں تلاش کرکے استعمال کرسکتے ہیں تاکہ یہ اے آئی چیٹ بوٹ زیادہ کارآمد ثابت ہوسکے۔
میٹا کی جانب سے اس نئے اے آئی فیچر کی عام دستیابی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔
مگر کمپنی کا کہنا تھا کہ اے آئی پر مبنی کمنٹس فیچر کی آزمائش 2024 میں فیس بک پر میں بھی کی گئی تھی۔