25 مارچ ، 2025
سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ کو انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) 2025 کے میچ میں کمنٹری کے دوران انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کے بارے میں مبینہ طور پر نسل پرستانہ تبصرہ کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
یہ واقعہ 23 مارچ کو سن رائزرز حیدرآباد اور راجستھان رائلز کے میچ کے دوران پیش آیا جب ہربھجن ہندی میں کمنٹری کررہے تھے۔
اتوار کو آئی پی ایل کے 18 ویں سیزن میں راجستھان رائلز اور سن رائزز حیدرآباد کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔
سن رائزز حیدرآباد کے بیٹرز نے راجستھان کے بولرز کا بھرکس نکالا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 286 رنز بناکر آئی پی ایل کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور بنایا۔
اس میچ میں راجستھان رائلز کے بولر جوفرا آرچر نے آئی پی ایل کی تاریخ کا مہنگا ترین اسپیل کرایا۔
آرچر نے 4 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے 76 رنز دیے، جوکہ آئی پی ایل کی تاریخ میں کسی بھی بولر کا سب سے مہنگا اسپیل ہے۔
میچ کے دوران ہندی میں کمنٹری کرتے ہوئے ہربھجن نے آرچر کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے مبینہ طور پر کہا کہ 'لندن میں کالی ٹیکسی کا میٹر تیز بھاگتا ہے اور یہاں پر آرچر صاحب کا میٹر بھی تیز بھاگا ہے'۔
ہربھجن نے آرچر کی اسپیڈ کو لندن کی کالی ٹیکسی کے تیز میٹر سے تشبیہ دی۔
ہربھجن کا یہ نسل پرستانہ تبصرہ جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور غم و غصے کا سبب بن گیا، جہاں کئی مداحوں نے ہربھجن سے معافی مانگنے کو کہا اور آئی پی ایل سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے لکھا کہ ہربھجن سنگھ کی جانب سے یہ انتہائی شرمناک اور گھٹیا حرکت ہے۔
ایک اور صارف نے تبصرے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ 'کیا ہربھجن خود کو گورا سمجھتے ہیں؟ بہت عجیب، بہت افسوسناک ہے'۔
کچھ صارفین نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ہربھجن کو آئی پی ایل میں کمنٹری سے ہٹا دیا جائے۔
واضح رہے کہ ہربھجن پہلے بھی نسل پرستانہ تبصروں پر تنقید کا سامنا کر چکے ہیں، ان کا آرچر کے حوالے سے ابھی تک اس تنازعے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔