25 مارچ ، 2025
غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں جہاں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں اور اسپتالوں پر بمباری کے نتیجے میں 24 گھنٹوں میں ایک صحافی سمیت مزید 61 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح کا محاصرہ کرلیا جس کے باعث ہزاروں فلسطینی محصور ہوکر رہ گئے جب کہ اسرائیل میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف بڑا مظاہرہ کیا گیا اور غزہ جنگ بندی معاہدے کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
دوسری جانب مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر مظالم بے نقاب کرکے آسکر جیتنے والے فلسطینی ڈائریکٹر حمدان بلال پر نقاب پوش اسرائیلی آبادکاروں نے حملہ کردیا۔
تشدد سے حمدان کے سر اور پیٹ پر زخم آئے، الخلیل کے علاقے میں اس واقعے کے عینی شاہد 5 امریکی یہودی کارکن ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق فوجی وردی پہنے 15 کے قریب مسلح آباد کاروں نے حمدان پر حملہ کیا اور مارپیٹ کی، حمدان کے گھر میں گھس کر بھی تشدد کیا گیا جہاں فرش پر خون موجود تھا۔
ساتھی ہدایتکار یووال ابراہم کے مطابق حمدان کو ایمبولینس میں منتقل کیا جارہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے دھاوا بول پر حمدان کو اتار لیا اور گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے۔
واضح رہے کہ حمدان نے یہودی فلم سازوں کے ساتھ مل کر مغربی کنارے میں فلسطینی آبادیوں پر حملوں اور جبری بیدخلی کے واقعات پر ڈاکیومینٹری NO OTHER LAND بنائی جسے اس سال آسکر سے نوازا گیا۔