25 مارچ ، 2025
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ہونے والے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں محمد ارسلان عباس کو شامل کیا گیا ہے جو پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے والے اظہر عباس کے بیٹے ہیں۔
آل راؤنڈر محمد ارسلان عباس کے والد سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اظہر عباس نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا ہے کہ میں اس وقت بہت خوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ محمد ارسلان عباس خود کو فائٹر ثابت کرے گا، وہ ٹف ٹائم دینے کی کوشش کرتا ہے ، حریف ٹیم کوئی بھی ہو ، پاکستان کے خلاف اچھا میچ ہو گا۔
اظہر عباس پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہے ہیں جس کے بعد وہ نیوزی لینڈ منتقل ہو گئے، اُس وقت محمد عباس کی عمر ایک برس تھی۔ اظہر عباس نے نیوزی لینڈ میں بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی ، اور اب ڈومیسٹک کرکٹ میں ویلنگٹن فائر برڈز کے اسسٹنٹ کوچ بھی ہیں۔
اظہر عباس نے کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے بیٹے کو پاکستان کے خلاف کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، پاکستان ٹیم بھی اچھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد عباس نیوزی لینڈ ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈھائی برس سے کھیل رہے ہیں ، محمد عباس کی ان ڈھائی برسوں میں پرفارمنس تسلسل کے ساتھ اچھی رہی ہے۔
ہمارا تعلق ضلع خانیوال کے ایک چھوٹے سے گاؤں روشن پور سے ہےـ اظہر عباس
اظہر عباس نے بتایا کہ ہمارا تعلق ضلع خانیوال کے ایک چھوٹے سے گاوں روشن پور سے ہے، پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی ، نیوزی لینڈ منتقل ہونے کے بعد یہاں کرکٹ کھیلی۔
انہوں نے کہا کہ محمد عباس کا پورا نام محمد ارسلان عباس ہے ، پیدا ہوتے ہی اس کو کرکٹر بنانے کی ٹھان لی تھی، میرا ٹارگٹ تھا کہ بیٹے کو میں نے کرکٹر بنانا ہے، میں نے جو محنت کی اور تجربہ حاصل کیا وہ عباس میں منتقل کیا۔
اظہر عباس نے کہا کہ ہم ہیں تو پاکستانی لیکن یہاں رہتے ہو ئے نیوزی لینڈ کی جانب سے کھیلنے کا موقع ملا۔