25 مارچ ، 2025
بھارت: زبردستی شادی کروانے پر دلہن نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر شادی کے 2 ہفتے بعد شوہر کو قتل کروادیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع اورایا میں 22 سالہ خاتون نے اپنے شوہر کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کروایا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمہ پرگتی یادو اور انوراگ یادو گزشتہ 4 سال سے تعلق میں تھے لیکن فیملی کی جانب سے ان کا رشتہ کرنے کیلئے رضامندی ظاہر نہیں کی گئی اور پرگتی کی شادی رواں ماہ کی 5 تاریخ کو دلیپ نامی شخص سے زبردستی کروادی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ 19 مارچ کو دلیپ کھیتوں میں زخمی حالت میں پایا گیا جسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کے جسم پر متعدد فائرنگ کے زخم پائے گئے تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق دلیپ کے بھائی کی جانب سے ایف آئی آر درج کروائی گئی اور تحقیقات میں معلوم ہوا کہ مقتول کی بیوی اور اس کے دوست کی شادی کے بعد ملاقات نہ ہوسکی تو خاتون نے شوہر کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا جس کے لیے اس نے راماجی چوہدری نامی اجرتی قاتل کو واردات کے لیے 2 لاکھ روپے دیے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر بائیک بھی برآمد کرلی گئی ہے۔