26 مارچ ، 2025
اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک کو پیداواری اور برآمدی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پُر عزم ہیں۔
عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) سے معاہدہ ہونے کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان ٹیکس، توانائی اور سرکاری اداروں سے متعلق اصلاحات پر عمل درآمد کیلئے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو پیداواری اور برآمدی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پُر عزم ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا ہے جس کی ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کی صورت میں پاکستان کو توسیعی فنڈ فیسیلیٹی کے تحت ایک ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کے لیے 28 ماہ کی ارینجمنٹ کے تحت 1.3 ارب ڈالر ملیں گے، پرو گرام کے تحت مجموعی قرض کی رقم 2 ارب ڈالر ہوجائے گی، مزید برآں یہ توسیعی فنڈ فیسیلیٹی ارینجمنٹ 37 ماہ کے لیے ہوگا۔