08 مارچ ، 2013
اسلام آباد…سینیٹ میں حزب اختلاف کی عدم موجودگی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پمز کے قیام کا بل منظور کر لیا گیا۔ اپوزیشن نے الزام لگایا کہ بل کی منظوری کے وقت ایوان میں کورم پورا نہیں تھا۔ وزیر کیڈ نذرمحمد گوندل نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کا بل ایوان میں پیش کیا۔ ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی اور راجہ ظفر الحق نے بل کی مخالفت کی ۔ اس کے بعد نماز جمعہ کا وقفہ کر دیا گیا ، اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو اپوزیشن رکن ظفر علی شاہ نے کورم کی نشاندہی کر دی ، پھر گھنٹیاں بجائی گئیں اور حکومتی ارکان آنا شروع ہو گئے۔بل کی منظوری کا وقت آیا تو اپوزیشن کے واحد رکن ظفر علی شاہ بھی واک آوٴٹ کر گئے اور پوری اپوزیشن کی عدم موجودگی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کا بل منظور کر لیا گیا۔ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز کے ساتھ پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ کورم پورا نہ ہونے کے باوجود حکومت نے بل پاس کیا جو غیر قانونی ہے۔ وزیر کیڈ نذر محمد گوندل نے کہا کہ بل کی منظوری کے وقت کورم پورا تھا اور 26 ارکان ایوان میں موجود تھے۔