Time 30 مارچ ، 2025
پاکستان

کراچی میں موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی کیلئے نئے قوانین نافذ، سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ

کراچی میں موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی کیلئے نئے قوانین نافذ، سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ

کراچی: شہر قائد میں ٹریفک مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے ٹریفک اور روڈ سیفٹی قوانین کا نفاذ کر دیا گیا۔

روڈ سیفٹی قوانین کا فیصلہ آئی جی ٹریفک پولیس کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور محفوظ سڑکوں کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائےگا۔

نئے قوانین ٹرانسپورٹرز، موٹر سائیکل سواروں، چنگچی رکشوں پر لاگو ہوں گے، سڑکوں پر پانی گرانے والے واٹر ٹینکرز کے خلاف سخت کارروائی ہو گی اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی ہو گا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

آئی جی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ موٹر سائیکل سوار کو چین اسپاکٹ پر چین کور نصب کرنا لازمی ہو گا جبکہ ہیڈ لائٹ، ٹیل لائٹ، ہیزرڈ لائٹ اور انڈیکیٹرز درست حالت میں ہونی چاہیے، رجسٹریشن پلیٹس دونوں طرف نمایاں ہونی چاہئیں۔

موٹر سائیکل سواروں کے لیے ریئر ویو مررز کا استعمال لازمی ہو گا اور انہیں ڈرائیونگ لائسنس ہمیشہ ساتھ رکھنا ہو گا، لین کی پابندی موٹرسائیکل سواروں کے لیے سڑک کے بائیں طرف چلنا لازمی ہو گی، موٹر سائیکل سواروں کے درمیانی یا دائیں طرف ہونے پر جرمانہ کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ گاڑیوں کے لیے جی پی ایس ٹریکر، ڈیش کیم، ریئر ویو کیم اور کیبن کیم نصب کرنا لازمی ہو گا تاکہ حادثات کی صورت میں شواہد محفوظ کیے جا سکیں، ڈرائیور کے رویےکی نگرانی ممکن ہو۔

اجلاس میں آئل ٹینکرز میں بفر پلیٹس لگانے کی ہدایت دی گئی ہے، جدید ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم، آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں جس سے ریڈ سگنل توڑنے، اسٹاپ لائن سے آگے موٹرسائیکل سواروں اور گاڑیوں کی نشاندہی ہو گی، رفتار کی حد پر عملدرآمد کروانے کے لیے اسپیڈ کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں، لین مانیٹرنگ کیمرے غلط لین چلنے والی گاڑی کی نشاندہی کریں گے، خلاف ورزی دہرانے والوں کے لیے اضافی جرمانہ کیا جائےگا، ٹریفک قانون کی خلاف ورزی دوبارہ کرنے پر 2500 روپےکا اضافی جرمانہ ہو گا۔

ٹریفک پولیس کی زیر صدارت اجلاس میں چنگچی رکشوں کے لیے مرحلہ وار پابندی عائد کرنے کا فیصلہ ہوا، پانچ بڑی شاہراؤں کو چنگچی رکشہ کے لیے ممنوع قرار دیا گیا ہے، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہین کمپلیکس تا ٹاور ممنوع قرار دیا گیا ہے، شاہراہ فیصل، آواری تا اسٹار گیٹ پر بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے، خلیق الزمان روڈ للی سگنل تا سب میرین انڈر پاس پر چنگچی رکشہ ممنوع ہو گا، سر شاہ سلیمان روڈ، لیاقت آباد 10 نمبر غریب آباد تا اسٹیڈیم تک داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

راشد منہاس روڈ، ڈرگ روڈ تا سہراب گوٹھ پر رکشوں کا داخلہ ممنوع ہو گا، ٹریفک روانی بہتر بنانے، حادثات میں کمی کےلیےمزیدپابندیاں نافذکی جائیں گی۔

مزید خبریں :