05 اپریل ، 2025
نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میں قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق کو بیٹنگ کے دوران رننگ کرتے ہوئے چہرے پر گیند لگ گئی۔
ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ کے دوران امام الحق کو فیلڈر کی تھرو کی ہوئی گیند ہیلمٹ کے گرل سے ہوتی ہوئی چہرے پر جا لگی۔
گیند چہرے پر لگنے کے باعث امام الحق ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر میدان سے باہر چلے گئے۔
ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ گیند امام الحق کے جبڑے پر لگی، امام الحق کن کشن ٹیسٹ پاس نہیں کرسکے، امام الحق کی جگہ عثمان خان بیٹنگ کریں گے۔
ٹیم مینجمنٹ کے مطابق امام الحق کو گراؤنڈ میں موجودایمرجنسی سینٹر میں طبی سہولت دی جا رہی ہے، ضرورت پڑنے پرامام الحق کواسپتال لےجایا جائےگا۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں جیت کے لیے 42 اوورز میں 265 رنز کا ہدف دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔
دوسرے ایک روزہ میچ میں بیٹنگ کے دوران حارث رؤف کو بھی ہیلمٹ پر گیند لگی تھی جس کے بعد وہ کن کشن کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے اور ان کی جگہ نسیم شاہ نے بیٹنگ کی تھی۔