05 اپریل ، 2025
کراچی کے سینٹرل جیل میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جیل حسن سہتو کی جانب سے صدر پاکستان آصف علی زرداری کے صحت یابی کیلئے قران خوانی کا اہتمام کیا گیا۔
صدر مملکت کیلئے دعائیہ تقریب کراچی سینٹرل جیل کی مدینہ مسجد میں منعقد کی گئی۔ قرآن خوانی کی تقریب میں ڈی آئی جی جیل کراچی حسن سہتو، ایس ایس پی عبد الکریم عباسی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
ڈی آئی جیل حسن سہتو کا کہنا تھاکہ سینٹرل جیل میں صدرمملکت کی صحت یابی کیلئے دعائیہ تقریب ہوئی جس میں ان کی صحت یابی کیلئے قرآن خوانی اور دعا کرائی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے صدر مملکت آصف زرداری کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اس حوالے سے صدر آصف زرداری کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہ صدر آصف زرداری کی طبیعت بہتر ہے، ایک دو روز میں اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کی صحت سے متعلق سیاسی کورونا کہنا بالکل غلط بات ہے ، یہ کورونا کا ایک اور ویرینٹ ہے ، یہ ویرینٹ اتنا مہلک نہیں، اس کے اتنے منفی اثرات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا من گھڑت اور بے بنیاد خبریں چلارہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔