Time 07 اپریل ، 2025
دنیا

مقبوضہ کشمیر اسمبلی: اسپیکر کے متنازع وقف ترمیمی ایکٹ پر بحث کروانے سے انکار پر ایوان میں ہنگامہ

مقبوضہ کشمیر اسمبلی: اسپیکر کے متنازع وقف ترمیمی ایکٹ پر بحث کروانے سے انکار پر ایوان میں ہنگامہ
فوٹو: بھارتی میڈیا

مقبوضہ کشمیر  اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے بھارت میں منظور ہونے والے متنازع وقف ترمیمی ایکٹ  پر بحث کرانے سے انکار پر زبردست ہنگامہ آرائی ہوئی۔

اسمبلی میں موجود نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کے ارکان نے ایکٹ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ایکٹ کی کاپیاں پھاڑ دیں جس کے بعد ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ 

مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں متنازع وقف ترمیمی ایکٹ پر بحث کرانے کی تحریک پیش کی گئی تھی جسے اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے مسترد کر دیا۔ 

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق کی جانب سے اسپیکر کے اس فیصلے کی شدید مذمت کی گئی۔ 

میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ انتہائی مضحکہ خیز بات ہے کہ 6 فیصد مسلمانوں کی آبادی والی ریاست تامل ناڈو کی اسمبلی میں متنازع وقف ترمیمی ایکٹ کی مخالفت میں تحریک منظور ہوئی اور مسلمانوں کی اکثریت والی اسمبلی کے اسپیکر نے تحریک مسترد کر دی۔

تامل ناڈو اسمبلی میں متنازع وقف ترمیمی بل کے خلاف قرارداد گزشتہ ہفتے  منظور کی  گئی تھی۔

خیال رہے کہ وقف ترمیمی بل 2025 کی متنازع ترامیم میں غیر مسلم کو وقف بورڈ کا چیف ایگزیکٹو آفیسر بنانے، ریاستی حکومتوں کو اپنے وقف بورڈ میں کم از کم 2 غیر مسلم ارکان شامل کرنے اور ضلعی کلیکٹر کو متنازع جائیدادوں پر فیصلہ دینے کا اختیار دینا شامل ہیں۔

بھارتی پارلیمنٹ کے دونوں ایوان اس متنازع بل کی منظوری دے چکے ہیں اور بھارتی صدر کی منظوری یہ ایکٹ نافذ ہوچکا ہے۔


مزید خبریں :