Time 10 اپریل ، 2025
دنیا

ٹیرف کی جنگ: چین نے امریکا کی مزید18 کمپنیوں پر پابندی عائد کردی

ٹیرف کی جنگ: چین نے امریکا کی مزید18  کمپنیوں پر  پابندی عائد کردی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر کرنسی میں ہیرا پھیری کا الزام لگایاتو چین نے امریکی ٹیرف کو غنڈہ گردی قرار دے دیا/ فائل فوٹو

ٹیرف معاملے پر امریکا اور چین میں ٹھن گئی جس کے پیش نظر چین نے امریکا کی مزید 18 کمپنیوں پر بھی پابندی لگادی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر الزامات کی بھی بوچھاڑکردی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر کرنسی میں ہیرا پھیری کا الزام لگایاتو  چین نے امریکی ٹیرف کو غنڈہ گردی قرار دے دیا۔

دوسری جانب چین نے امریکا کی مزید 18 کمپنیوں پر بھی پابندی لگادی ہے اور چین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین کو ترقی کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا،چین اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثراقدامات لیتا رہے گا۔

ادھر یورپی یونین نے بھی امریکا پر جوابی 25  فیصد محصولات عائد کرنے کی منظوری دے دی جب کہ  روس نے امریکی ٹیرف کو عالمی تجارتی تنظیم کے اصولوں کے خلاف قرار دے دیا۔

ترجمان روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ  نئے ٹیرف سے ظاہر ہے امریکا عالمی تجارتی قوانین کی پاس داری کا پابند نہیں۔

تجارتی جنگ

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کے مختلف ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ٹرمپ کی جانب سے عائد کیے جانے والے اس ٹیرف نے خاص طور پر چین اور امریکا کے مابین سخت تجارتی جنگ کا آغاز کردیا۔

لبریشن ڈے ٹیرف کے بعد چین پر عائد مجموعی امریکی ٹیرف 54 فیصد ہوگیا تھا جس کے جواب میں چین نے امریکی مصنوعات کی درآمد پر 34 فیصد ٹیرف عائد کرنے اور امریکا پر دیگر تجارتی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

چین کے اعلان کے بعد صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر چین نے 34 فیصد ٹیرف واپس نہ لیا تو امریکا چین پر عائد ٹیرف کو بڑھا کر 104 فیصد کردے گا، چین پر یہ 104 فیصد ٹیرف گزشتہ روز نافذ ہوا۔

اب چین نے امریکا کے 104 فیصد ٹیرف کے جواب میں امریکی مصنوعات کی در آمد پر عائد ٹیرف بڑھا کر 84 فیصد کرنے اور ساتھ ہی مزید تجارتی پابندیوں کا اعلان کیا جس کے جواب میں اب امریکا نے چین پر عائد تجارتی ٹیرف مزید بڑھا کر 125 فیصد کردیا ہے۔


مزید خبریں :