10 اپریل ، 2025
انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے کہا ہے کہ کمپنی کی جانب سے ایپ کے سرچ فیچر کو بہتر بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ایک پوڈکاسٹ کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ انسٹا گرام کو اس شعبے میں کافی کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ حریفوں کا مقابلہ کرسکے۔
انہوں نے یہ بات اس وقت کی جب بیشتر نوجوان اب انٹرنیٹ سرچ کے لیے گوگل کی بجائے سوشل میڈیا ایپس جیسے ٹک ٹاک کا رخ کر رہے ہیں۔
ایڈم موسیری نے کہا کہ ہم انسٹا گرام سرچ پر کام شروع کر رہے ہیں کیونکہ ایپ میں بہت زیادہ حیرت انگیز مواد موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی انسٹا گرام میں کسی قسم کے مواد کو سرچ کرنے کا عمل کچھ زیادہ اچھا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی کافی کام کرنا ہوگا مگر اس سے صارفین کے لیے انسٹا گرام میں چیزیں ڈھونڈنا زیادہ آسان ہو جائے گا۔
حالیہ برسوں میں نوجوان صارفین نے روایتی انٹرنیٹ سرچ کی بجائے غیر روایتی طریقوں کو اپنانا شروع کر دیا تھا۔
گوگل نے 2022 میں ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ بطور سرچ انجن اس کا مستقبل متاثر ہوسکتا ہے۔
گوگل کے ایک عہدیدار کے مطابق سوشل میڈیا ایپس جیسے ٹک ٹاک اور انسٹا گرام سرچ بزنس اور میپس میں گوگل کو پیچھے چھوڑ سکتی ہیں۔
گزشتہ سال ٹک ٹاک نے براہ راست گوگل کے اشتہاری بزنس کا مقابلہ کرنا شروع کیا تھا۔
2024 میں ایک رپورٹ میں دریافت کیا گیا تھا کہ جنریشن زی سے تعلق رکھنے والے 51 فیصد افراد انٹرنیٹ سرچنگ کے لیے گوگل سرچ کی بجائے ٹک ٹاک کو ترجیح دیتے ہیں۔
ایڈم موسیری کے بیان سے عندیہ ملتا ہے کہ میٹا کی خواہش ہے کہ اب ٹک ٹاک کو سرچ انجن کے شعبے میں بھی ٹکر دی جائے۔
ایڈم موسیری نے کہا کہ کئی بار حقیقی دلچسپ مواد اس ویڈیو میں نہیں ہوتا جو کسی فرد نے اپ لوڈ کی ہوتی ہے بلکہ اس کے تناظر میں چھپا ہوتا ہے جس کے لیے کمنٹس دیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔