12 اپریل ، 2025
کراچی کنگز نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے لیے 2 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرلیا۔
آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹر بین میکڈرموٹ اور پاکستان انڈر 19 کے کپتان سعد بیگ ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں، بین میکڈرموٹ کو بنگلا دیش کے لِٹن داس کی جگہ شامل کیا گیا ہے جنہیں ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئرز ڈرافٹ 2025 میں سلور کیٹیگری میں منتخب کیا گیا تھا مگر کراچی کنگز کے پہلے میچ سے قبل پریکٹس کے دوران انجری کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔
میکڈرموٹ ایک جارح مزاج بیٹر ہیں جو اپنے تیز رفتار اسٹروک پلے اور مختلف پوزیشنز پر کھیلنے کی صلاحیت کے لیے جانے جاتے ہیں، وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور دنیا بھر کی لیگز میں کھیل چکے ہیں جن میں بگ بیش لیگ (BBL) اور دی ہنڈریڈ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کراچی کنگز نے نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کے جزوی متبادل کے طور پر پاکستان انڈر 19 کے کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا ہے، ولیمسن جنہیں سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا گیا تھا وہ ٹورنامنٹ کے کراچی مرحلے کے دوران دستیاب نہیں ہوں گے۔
سعد بیگ گزشتہ سیزن میں ایمرجنگ کیٹیگری کے کھلاڑی کے طور پر کراچی کنگز کا حصہ رہے اور حالیہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ میں اپنی شاندار کارکردگی سے خود کو ایک روشن مستقبل کا حامل نوجوان کھلاڑی ثابت کیا۔