Time 12 اپریل ، 2025
کھیل

رضوان کی سنچری رائیگاں، کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان کو شکست دے دی

رضوان کی سنچری رائیگاں، کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان کو شکست دے دی
جیمز ونس نے 43 گیندوں پر 101 رنز بنائے، 4 چھکے 14 چوکے لگائے، خوشدل شاہ 60 رنز بنا کر نمایاں رہے— فوٹو/ کراچی کنگز

ایچ بی ایل پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے تیسرے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز  کو شکست دے دی۔

کراچی کنگز نے  235 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور  ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے ہرایا۔

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز کی اننگز

ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور ہوپ نے  اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 55 رنز کی شراکت ہوئی تاہم ہوپ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد عثمان خان بھی 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

رضوان اس ایڈیشن کی پہلی سنچری بنانے میں کامیاب رہے، اُنہوں نے 105رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محمد رضوان نے 63 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے یہ اننگز کھیلی۔ کیوی آل راؤنڈر مائیکل بریسویل نے 17 گیندوں پر 44 رنز اسکور کیے، اُن کے علاوہ کامران غلام نے 36 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز نے مقررہ20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 234رنز  بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی، عباس آفریدی اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز کی اننگز

ملتان سلطانز کے 235 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ابتدائی 4 وکٹیں 79 رنز پر گرچکی تھیں تاہم جیمز ونس اور خوشدل شاہ نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ پانچویں وکٹ پر 142 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور جیمز ونس نے فتح گر سنچری اننگز کھیلی اور 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز نے آخری اوور میں  6 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز کا ہدف حاصل کرلیا اور ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔

خوشدل شاہ 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عاکف جاوید نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔


مزید خبریں :