13 اپریل ، 2025
نوشہرہ کے علاقے پبی میں محکمہ ایکسائز کے موبائل اسکواڈ پر فائرنگ سے 2 اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق رات 2 بجے ایکسائز اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، گاڑی کے نہ رکنے پر تعاقب کیا گیا جس دوران حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی۔
محکمہ ایکسائز نے بتایا کہ فائرنگ سےکانسٹیبل افتخار اور کانسٹیبل مجاہد سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں زخمی سب انسپکٹر فاروق کا ذاتی ڈرائیور بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ حملہ میں سب انسپکٹر فاروق باچا زخمی ہوا جسے 5 گولیاں لگیں جس نے زخمی حالت میں گاڑی چلا کرپشاور اسپتال پہنچائی، جسے ایل آر ایچ پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق پولیس لائنز پشاور میں محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، نماز جنازہ میں آئی جی کے پی ذوالفقارحمید، ڈی جی ایکسائز عبدالحلیم، سی سی پی او قاسم خان اور دیگر شریک ہوئے۔