13 اپریل ، 2025
بھارتی ریاست مغربی بنگال میں متنازع وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد میں متنازع وقت ترمیمی بل کے مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ اور شیلنگ سے باپ اور بیٹے سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ 15 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا جبکہ پولیس نے احتجاج کرنے والے 150 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ متنازع وقف ترمیمی بل ریاست میں نافذ نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھارت کی ہندو انتہا پسند حکمران جماعت بی جے پی نے مسلمانوں کی جائیدادوں کو ہتھیانے کا منصوبہ بناتے ہوئے متنازع وقف ترمیمی بل پہلے لوک سبھا سے اور پھر راجیہ سبھا سے منظور کروایا تھا۔
بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے علاوہ سخت گیر ہندو جماعت شیو سینا نے بھی بی جے پی کے بل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔