14 اپریل ، 2025
بھارت کے مشہورنجومی گیتانجلی سکسینا نے بالی وڈ دبنگ اسٹار سلمان خان کے کیرئیر اور سکیورٹی سے متعلق ایک اور بڑی پیشگوئی کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گیتانجلی سکسینا نامی نجومی نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ’پیشہ ورانہ طور پر سلمان خان کا سال 2024 سازگار نہیں رہا اور آئندہ سالوں کیلئے انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی نئی فلم کی ریلیز سے باز رہیں‘ ۔
نجومی نے کہا کہ ’سلمان خان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں لیکن اس کے باوجود سلمان کو رواں برس ستمبر اکتوبر کے آس پاس محتاط رہنا پڑے گا‘۔
نجومی سکسینا نے واضح کرتے ہوئے بتایا کہ ’سلمان کے قریبی لوگ مثلاً ان کا اسٹاف اور سکیورٹی اہلکار ہی ان سے متعلق معلومات اکٹھا کرنے حتیٰ کہ انہیں لیک کرنے میں بشنوئی گینگ کی مدد کر سکتے ہیں‘۔
نجومی نے اپنی گفتگو میں 2024 بغیر کسی واقعے کے گزرجانے اور 2025 میں اصل خطرے پر تشویش کا اظہار کیا اورسلمان خان کیلئے کسی حادثے یا طبی ایمرجنسی کے امکان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ’ امکان ہے کہ یہ شخص اس سے بچ جائے گا‘۔
گیتانجلی سکسینا نے سلمان خان کو مارچ 2025 تک اپنے بڑے پیشہ ورانہ وعدوں کو مکمل کرنے کے بعد اپنے کیرئیر سے بریک کا مشورہ دیا اور کہا کہ سلمان کو رواں سال اپریل کے بعد پورا سال بہت محتاط رہنا ہوگا’۔