Time 14 اپریل ، 2025
دنیا

غزہ میں جنگ بندی کے حامی اسرائیلی شہری سڑک پر روٹیاں رکھ کر حکومت کیخلاف احتجاج کرنے لگے

اسرائیل کے مرکزی شہر رحووت میں آج مظاہرین نے وزیر ماحولیات  ایدیت سِلمان کے گھر کے باہر احتجاج کا ایک نیا انداز اختیار کیا۔

مظاہرین نے سڑک پر خمیری روٹیاں رکھ کر ’ایک روٹی روزانہ‘  کا پیغام تحریر کیا۔ یہ علامتی احتجاج غزہ میں میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کے حوالے سے تھا۔

غزہ میں اسرائیل کی جانب سے امداد کے داخلے پر پابندی کے باعث خوراک اور  ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کو کھانے کے لیے روزانہ صرف ایک روٹی ملنے کی اطلاعات ہیں۔

یہ احتجاج ایسے وقت میں ہوا جب یہودیوں کا مذہبی تہوار  عید فسح یا ’پاس اوور‘ جاری ہے، جس دوران یہودیوں کے لیے خمیری روٹی کھانا ممنوع ہوتا ہے۔

انتہائی دائیں بازو کی سیاستدان اور حکمران جماعت لیکود کی رکن  ایدیت سِلمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر احتجاجیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’گھٹیا لوگ‘ قرار دیا۔ 

خمیری روٹی سے لکھے گئے الفاظ کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ ’یہ یرغمالیوں کے لیے نہیں، نہ جمہوریت کے لیے، نہ ہی سیاست کے لیے ہے۔ یہ بس گھٹیا لوگوں کا عمل ہے، جن میں  ذرا بھی انسانیت، یہودیت اور تہذیب موجود نہیں‘۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی معاشرے میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے معاہدہ کے حامی افراد اور حکومتی وزرا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور بعض مواقع پر اسرائیلی وزرا یرغمالیوں کے اہل خانہ پر بھی سخت تنقید کر چکے ہیں۔


مزید خبریں :