14 اپریل ، 2025
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے اغوا برائے تاوان کے کیس میں آمنہ عروج، ممنون حیدر اور ذیشان قیوم کو جرم ثابت ہونے پر سات سات قید کی سزا سنادی۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ملزمان کی موجودگی میں مقدمے کا فیصلہ سنایا۔
آمنہ عروج سمیت دیگر ملزموں کو جیل سے عدالت میں لایاگیا، عدالت نے ٹرائل مکمل ہونے پر گزشتہ ہفتے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مرکزی ملزمہ آمنہ عروج، ممنون حیدر اور ذیشان قیوم کو 7، 7 سال قیدکی سزا سنائی تاہم حسن شاہ سمیت 8 ملزموں کو الزام ثابت نہ ہونے پربری کر دیا۔
خلیل الرحمٰن قمر کو گزشتہ برس 15 جولائی کو تاوان کیلئے اغوا کیا گیا تھا، 21 جولائی کو سندر پولیس نے اغوا اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ ٹرائل کے دوران خلیل الرحمان قمر، پولیس اہلکاروں اور بینک عملے سمیت 17 سرکاری گواہوں کے بیانات قلم بند کیےگئے۔
مقدمے پر لگ بھگ 8 ماہ کارروائی ہوئی، ہائیکورٹ نے ایک ماہ میں کارروائی مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔