15 اپریل ، 2025
بالی وڈ کی سینئر اداکارہ ریکھا اور جیا بچن کے نام سے مداح جہاں بخوبی واقف ہیں وہیں امیتابھ، جیا بچن اور ریکھا کے درمیان love Triangle سے بھی کوئی لاعلم نہیں۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ان دونوں شخصیات میں زیادہ جائیداد اور اثاثوں کی مالک کون سی اداکارہ ہیں؟
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی وڈ کی ایور گرین اداکارہ ریکھا 200 سے زائد فلموں میں کام کرکے اپنا لوہا منواچکی ہیں اگرچہ ریکھا اب فلموں میں نظر نہیں آتیں لیکن اپنی سدا بہار خوبصورتی اور دلکشی کی بدولت بھی دلوں پر راج کرتی ہیں۔
ریکھا نے 2012 سے 2018 تک بطور راجیہ سبھا رکن اور ایم پی کے طور پر خدمات انجام دیں، اگر بات کی جائے ریکھا کی مجموعی دولت کی تو وہ اس وقت تقریباً 332 کروڑ بھارتی روپوں کی جائیداد کی مالک ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریکھا ممبئی میں ’بسیرا‘ نام کے بنگلے میں رہائش پذیر ہیں جس کی قیمت 100 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے جب کہ وہ فی فلم 13 سے 14 کروڑ بھارتی روپے وصول کرتی ہیں ۔
دوسری جانب اگر بات کریں بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کی اہلیہ اداکارہ اور ایم پی جیا بچن کی، تو ان کی دولت بھی ریکھا سے کم نہیں، ریکھا کی طرح اداکارہ جیا بچن بھی ایک پر تعیش زندگی کے ساتھ ساتھ کروڑوں کی جائیداد کی مالک بھی ہیں۔
جیا بچن کی ملکیت میں تقریباً 12 لگژری کاریں موجود ہیں اور وہ بچن خاندان کے ساتھ جوہو کے بنگلے 'جلسہ‘ میں رہائش پذیر ہیں جس کی قیمت 120 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب جیا بچن شاندار جیولری کلیکشن کی مالک بھی ہیں، جیا کی جانب سے جمع کروائے گئے انتخابی حلف نامے کے مطابق وہ 68 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں جب کہ ان کے شوہر امیتابھ بچن کی جانب سے جمع کروائے گئے اثاثوں کی مالیت 1001 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں اداکاراؤں کے درمیان یہ اندازہ لگانا زیادہ مشکل نہیں کہ ریکھا اور جیا بچن کے درمیان کس کے اثاثوں کی مالیت زیادہ ہے؟
اعداد وشمار کے مطابق ریکھا انفرادی طور پر جیا بچن سے لگ بھگ زیادہ جائیداد کی مالک ہیں تاہم جیا اور امیتابھ بچن کی جائیداد کا مجموعی جائزہ لیا جائے تو یہ دونوں اداکاروں کی مجموعی جائیداد ریکھا کی جائیداد کو کئی گنا پیچھے چھوڑدیتی ہے۔