15 اپریل ، 2025
سوشل میڈیا پر متعدد آن لائن پوسٹس میں ایک جعلی لنک شیئر کرکے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سرکاری احساس راشن پروگرام کے تحت ویب سائٹ پر رجسٹریشن کرنے سے فوری طور پر 20 ہزار روپے مل سکتے ہیں۔
ان پوسٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ 2025 میں تقریباً 10 لاکھ افراد کو یہ رقم دی جائے گی۔
دعویٰ غلط ہے
6 مارچ کو ایک فیس بک صارف نے ایک لنک شیئر کیا جس میں 30 ہزار روپے ماہانہ سے کم کمانے والے پاکستانی شہریوں کو اس پر رجسٹریشن کرنے کی ترغیب دی گئی۔
اس پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ جو بھی شخص اپنا نام، آمدن اور دیگر ذاتی معلومات فراہم کرے گا، اسے احساس راشن پروگرام کے تحت فوراً 20 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
پوسٹ میں لکھا گیا : ” 2025 میں، احساس راشن پروگرام کے ذریعے 9 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ افراد کو 20 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کی فلاح و بہبود میں مدد مل سکے، درخواست دینے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ “
یہ لنک فیس بک، واٹس ایپ، ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور انسٹاگرام پر وائرل ہے۔
ڈیجیٹل ماہرین اور جیو فیکٹ چیک کی آزادانہ تصدیق سے ثابت ہوا ہے کہ یہ لنک جعلی ہے۔
اسلام آباد میں قائم ریسرچ گروپ بائٹس فار آل (B4A) کے اوپن سورس انٹیلی جنس تجزیہ کار،انیس قریشی نے وضاحت کی کہ یہ ویب پیج ایک .buzz ڈومین پر ہوسٹ کیا گیا ہے، ایک ایسا ڈومین جو عام طور پر ”ٹریفک بیک لنک سپیم (spam) اور فشنگ (phishing) جیسی بدنیتی پر مبنی سرگرمیوں“ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
انیس قریشی نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا: ”یہ ویب سائٹس سوشل میڈیا پر سرکاری اسکیموں کا جھانسہ دے کر صارفین کو اپنی طرف راغب کرتی ہیں، یہ عموماً صارفین سے ذاتی معلومات مانگتی ہیں یا انہیں مالی مدد کے وعدے پر فارم بھرنے کا کہتی ہیں۔“
انہوں نے خبردار کیا کہ عوام کو صرف سرکاری ویب سائٹس پر ہی بھروسا کرنا چاہیے جو .gov.pk ڈومین استعمال کرتی ہیں۔
جرمن ترقیاتی ادارے GIZ کے ڈیجیٹل ایڈوائزر آصف اقبال نے بھی اس کی تصدیق کی۔ انہوں نے ٹیلی فون پر بتایا: ”ایسے لنکس ہمیشہ مشکوک ہوتے ہیں، زیادہ تر فراڈ کرنے والے ان کا استعمال لوگوں سے ان کی ذاتی معلومات حاصل کرنے کے لیے کرتے ہیں۔“
جیو فیکٹ چیک نے بھی اس ویب سائٹ پر ٹیسٹ معلومات جمع کروائیں۔ اس فارم نے مزید ذاتی معلومات مانگیں اور پھر ایک دوسرے صفحے پر ری ڈائریکٹ کر دیا جہاں صارفین سے کہا گیا کہ وہ اس پوسٹ کو آگے بڑھنے کے لیے 15 دوستوں کے ساتھ شیئر کریں۔ یہ بات مزید اس بات کی تصدیق کرتی ہے جو ڈیجیٹل ماہرین نے اس لنک کے جعلی ہونے کے بارے میں کہی تھی۔
اصل احساس راشن رعایت پروگرام، جو کم آمدنی والے گھرانوں کو سبسڈی فراہم کرتا تھا، 2021 میں اُس وقت کی حکومت نے شروع کیا تھا۔
فیصلہ: زیرِ گردش لنک جعلی ہے اور کسی بھی سرکاری پروگرام سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ ڈیجیٹل ماہرین کے مطابق یہ لنک ایسے ڈومین پر ہوسٹ کیا گیا ہے جو فشنگ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔