Time 15 اپریل ، 2025
دنیا

اسرائیلی بمباری کے بعد امریکی شہریت رکھنے والے یرغمالی، اسکی حفاظت پر مامور افراد سے رابطہ منقطع ہو گیا، حماس

اسرائیلی بمباری کے بعد امریکی شہریت رکھنے والے یرغمالی، اسکی حفاظت پر مامور افراد سے رابطہ منقطع ہو گیا، حماس
گزشتہ دنوں حماس کی جانب سے ایدان کی جاری کی گئی ویڈیو کا اسکرین گریب

غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں شدید اسرائیلی بمباری کے بعد یرغمال امریکی شہریت رکھنے والے اسرائیلی فوجی ایدان الیگزینڈر کی حفاظت پر مامور ٹیم سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ قابض فوج جان بوجھ کر اسے قتل کرنا چاہتی ہے تاکہ دوہری شہریت رکھنے والے قیدیوں کے دباؤ سے خود کو آزاد کر کے فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی جاری رکھ سکے۔

خیال رہے کہ ہفتے کے روز حماس نے ایدان الیگزینڈر کی ویڈیو بھی جاری تھی جس میں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنی رہائی کے لیے مدد کی اپیل کررہا تھا۔

ویڈیو میں اس نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھاکہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ’جھوٹ‘ پر یقین نہ کریں۔

اسرائیلی بمباری کے بعد امریکی شہریت رکھنے والے یرغمالی، اسکی حفاظت پر مامور افراد سے رابطہ منقطع ہو گیا، حماس
حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ کے لیے جاری کی گئی ویڈیو کا اسکرین گریب

ابو عبیدہ کے بیان کے بعد حماس کی جانب سے  غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ کے لیے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی۔

ویڈیو میں حماس کی جانب سے یرغمالیوں کے اہل خانہ کو کہا گیا کہ آپ کی حکومت نے یرغمالیوں کو مارنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس لیے آپ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے اپنے پیاروں کی لاشیں وصول کرنے کے لیے تیار رہیں۔

خیال رہے کہ غزہ میں حماس کی قید میں موجود ایدان الیگزینڈر کو غزہ میں آخری زندہ امریکی یرغمالی سمجھا جاتا ہے، ایدان الیگزینڈر اسرائیلی فوج میں شامل تھا۔


مزید خبریں :