16 اپریل ، 2025
چقندر کا جوس حیرت انگیز طور پر نا صرف ہماری صحت بلکہ خوبصورتی یعنی جلد اور بالوں کے لیے بھی انتہائی مفید ہے۔
اینٹی آکسیڈنٹس اور غذائیت سے بھرپور ہونے کی وجہ سے یہ جوس آپ کو بہت سی بیماریوں سے بچا سکتا ہے۔
بلڈپریشرکو کم کرنے میں مددگار
ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ چقندر کا جوس نائٹریٹ سے بھرپورہوتا ہے جو منہ میں موجود بیکٹریا کا توازن بدل کر ایسے بیکٹریا کی نشوونما کرتا ہے جو دماغی افعال اور دل کی شریانوں کی صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں۔
یہ ہی وجہ ہے کہ چقندر کا جوس فشار خون کے مریضوں کا بلڈ پریشر کم کرنے میں مؤثر ہے۔
جسم کو سوزش سے بچائے
چقندر کے جوس میں سوزش سے بچنے والی خصوصیات ہوتی ہیں جو جسم میں سوزش کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
اگر جلد کے حوالے سے بات کی جائے تو یہ جوس جلد کی ایکنی اور ایگزیما سمیت دیگر بیماریوں سے بچاتا ہے۔
جگر سے چربی ختم کرنے میں مفید
چقندر کے جوس میں اینٹی ایکسیڈنٹ کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے، جو جگر کو چربی سے بچاتا ہے اور ساتھ ہی جسم سے چربی کی سطح کو کم کرتا ہے۔
وزن میں کمی
وزن کم کرنے میں اگر کوئی مددگار ثابت ہوسکتا ہے تو ان میں سے ایک چقندر کا جوس بھی ہے اس کے روزانہ استعمال سے وزن میں کمی لائی جاسکتی ہے کیونکہ اسے غذائیت کا پاور ہاؤس کہا جاتا ہے اور اس میں کیلوریز کی مقدار بھی بہت کم ہوتی ہے۔
قوت مدافعت کو مضبوط بنائے
چقندر کا جوس قوت مدافعت کو مضبوط بناتا ہے اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرکے دل کو بیماریوں سے بچاتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔