16 اپریل ، 2025
بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر چاقو حملے کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ اس معاملے کے مرکزی ملزم کے فنگر پرنٹس سیف علی خان کے فلیٹ سے ملنے والے پرنٹ سے میچ نہیں ہوئے، سی آئی ڈی فنگر پرنٹس بیورو کو تقریباً 20 نمونے بھیجے گئے تھے جن میں سے 19 ملزم سے میچ نہیں کرتے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ممبئی پولیس نے جو چارج شیٹ فائل کی ہے اس میں انکشاف ہوا ہے کہ سیف کے فلیٹ کے اندر سے جو اہم فنگر پرنٹس نمونے حاصل کیے گئے تھے وہ ملزم سے میچ نہیں کرتے۔
پولیس چارج شیٹ کے مطابق فلیٹ کے باتھ روم کے کالے دروازے، باتھ روم کے سلائیڈنگ ڈور اور الماری کے دروازے پر پائے گئے فنگر پرنٹس ملزم شریف الاسلام سے میچ نہیں کرتے، صرف ایک فنگر پرنٹ جو بلڈنگ کی آٹھویں منزل سے لیا گیا وہ اس سے میچ کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ سیف علی خان پر رواں برس 16 جنوری کی آدھی رات کو چاقو حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے تھے جن کا کئی دن تک اسپتال میں علاج چلتا رہا۔