20 اپریل ، 2025
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں جاری ترقیاتی کام کو جلد مکمل کرنے اور پارکنگ کے مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بتایا کہ کے ایم سی کی جانب سے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کر رہے ہیں، کے ایم سی نے یہ فیصلہ کیا کہ تاریخی ورثے کو بحال کرکے مسائل کو ختم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ صدر کے علاقے میں ہم نے کار پارکنگ کا افتتاح کردیا ہے، اس پارکنگ میں 300 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کھڑی ہو سکیں گی، ہم معاملات کو خوش اسلوبی کے ساتھ حل کرنے کیلئے کوشش کر رہےہیں، ایمپریس مارکیٹ کے قریب سب سے بڑا مسئلہ پارکنگ کا تھا، اس پارکنگ میں 500 سے زائد گاڑیاں پارک ہو سکیں گی۔
میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ پہلے فیز میں پارکنگ کا مسئلہ حل کریں، شاہراہ بھٹو کے دوسرے مرحلے کا کام بھی جلد مکمل ہو جائےگا، ہم اختیارات کا رونا نہیں رو رہے، شہر کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے، ہم اعلان کرکے تختی نہیں لگاتے بلکہ کام کرکے دکھاتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ ڈینسو ہال کو 30 اپریل کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، ہمارا ٹارگٹ ہے کہ تیزی سے ایمپریس مارکیٹ منصوبے پر کام کریں، شہریوں سے گزارش کروں گا کہ ترقیاتی کام سے متعلق سپورٹ کریں، کورنگی کاز وے اور جام صادق کے برج پر بھی کام کر رہے ہیں۔
میئر کراچی کے مطابق مینا بازار کا انڈر پاس بھی 30 اگست کو مکمل کرکے دیں گے، بولٹن مارکیٹ کی پارکنگ اسپیس کو جون تک مکمل کریں گے، ریلوےکی جگہ پر شادیاں ہو رہی ہیں اسے کے ایم سی کے حوالے کیا جائے۔