21 اپریل ، 2025
اسرائیل فوج نے گزشتہ ماہ غزہ میں 15 فلسطینی امدادی کارکنوں کی ہلاکت کو پیشہ ورانہ ناکامی قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمانڈر کو برطرف کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ 23 مارچ کو رفح میں فلسطینی ہلال احمر کی ایمبولینسیں، اقوام متحدہ کی ایک گاڑی اورفائر ٹرک پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اقوام متحدہ کےایک اہلکار سمیت 15 امدادی کارکنان ہلاک ہوئے۔
تاہم ایک ہفتے بعد 31 مارچ کو تمام 15 افراد کی لاشیں رفح کے علاقے تل السلطان میں ریت میں دبی ملیں۔ برآمد شدہ 15 لاشوں میں اقوام متحدہ کا ایک، 8 فلسطینی ہلال احمر، 6 فلسطین سول ڈیفنس کے کارکن تھے۔
لاشوں کے قریب امدادی کارکنوں کی ایمبولینسیں، فائر ٹرک اور اقوام متحدہ کے نشان والی گاڑی بھی موجود تھی۔
عرب میڈیا نے کہا تھا کہ یہ کارکن رفح کے علاقے تل السلطان میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے پہنچے تھے کہ صیہونی فوجیوں کی براہ راست گولیوں کا نشانہ بنے۔
اسرائیلی فوج نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ یہ قافلہ بغیر ہیڈلائٹس یا ایمرجنسی لائٹس کے مشکوک انداز میں حرکت کر رہا تھا، لیکن بعد ازاں ایک ویڈیو سے یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی جانب سے جاری ویڈیو میں گاڑیاں ایمرجنسی لائٹس کے ساتھ واضح طور پر دکھائی دے رہی تھیں اور عملہ بھی وردیوں میں تھا۔
تاہم اب تحقیقات کے مطابق اسرائیلی فوج (IDF) نے تسلیم کیا ہے کہ گزشتہ ماہ غزہ میں 15 امدادی کارکنوں کی ہلاکت ایک عملی غلط فہمی اور احکامات کی خلاف ورزی کا نتیجہ تھی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں کئی سنگین کوتاہیوں کا انکشاف بھی ہوا جبکہ واقعے میں شامل یونٹ کے ڈپٹی کمانڈر کو نامکمل اور غلط رپورٹ دینے پر برطرف کر دیا گیا ہے۔
پیشہ ورانہ ناکامیوں کے باعث غزہ میں طبی عملے کی ہلاکتیں ہوئیں: اسرائیلی فوج
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مارچ میں غزہ میں پیش آنے والے واقعے میں 15 امدادی کارکنوں کی ہلاکت کی وجہ 'پیشہ ورانہ ناکامیاں' تھیں۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحقیقات کے دوران واقعے میں کئی غلطیوں، احکامات کی خلاف ورزیوں اور واقعے کی مکمل رپورٹ نہ دینے کی نشاندہی ہوئی ہے۔ تاہم، فوج نے اس حملے میں ملوث فوجیوں کے فیصلوں کا دفاع کیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے اس واقعے کے دوران "اندھا دھند فائرنگ" نہیں کی بلکہ انہوں نے ایک 'واضح خطرہ' محسوس کرتے ہوئے فائرنگ کی، جسے فوج نے 'عملی غلط فہمی' قرار دیا۔
تحقیقات کے نتیجے میں 14ویں بریگیڈ کے کمانڈنگ آفیسر کو سرزنش کا خط جاری کیا گیا، جبکہ اس واقعے میں ملوث Golani Reconnaissance بٹالین کے ڈپٹی کمانڈر کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اس میجر رینک کے افسر نے نہ صرف فائرنگ کا حکم دیا بلکہ خود بھی قافلے پر فائرنگ کی اور واقعے کی "نامکمل اور غلط رپورٹ" پیش کی، جس کی بنیاد پر انہیں ذمہ دار قرار دے کر عہدے سے ہٹایا گیا۔
غیر متعلقہ شہریوں کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس ہے: اسرائیلی فوج
اسرائیلی فوج نے کہا کہ واقعے میں غیر متعلقہ شہریوں کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس ہے۔
اس سےقبل اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیموں نے اس واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
اقوام متحدہ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت میں 50 ہزار سے زائد شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں کم ازکم ایک ہزار 60 طبی کارکن شامل ہیں۔