24 اپریل ، 2025
لاہور میں ڈکیتی کی انوکھی واردات ہوئی جہاں لٹنے والا شہری خود ڈاکو کو گھر لے گیا،لوٹ مار کروائی اور پھر واپس بھی چھوڑ آیا۔
لاہور کے علاقے شالیمار میں انوکھی واردات ہوئی جہاں متاثرہ شہری حسن شہزاد کے مطابق وہ 19 اپریل صبح ساڑھے 8 بجے موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ سیٹھاں والی باغیچی کے قریب ایک راہ گیر نے راستہ پوچھنے کے لیے روکا اور ایک ڈیوائس اس کی جیب میں ڈال دی اور کہایہ بم ہے ،مزاحمت کی توبم سے اُڑا دوں گا۔ پھر کہا اپنے گھر لے چلو،گھر پہنچ کر اس نے زیورات ،نقدی،موبائل فون،کریڈٹ کارڈز لیے اور کہا ،اب واپس چھوڑ آؤ۔
سی سی ٹی وی میں ڈاکو شہری حسن شہزاد کے ساتھ موٹرسائیکل پر بیٹھا نظر آتا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے 2 دن بعد ڈکیتی کی بجائے چوری اور دھوکا دہی کا مقدمہ درج کر لیا۔
ایس پی اثر علی چوہدری کے مطابق مقدمہ درج کرلیا اور ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیم بھی تشکیل دےدی ہے، مقدمہ درج کرنے میں تاخیر اور دفعات سے متعلق ایس ایچ او سے وضاحت طلب کی جائے گی۔