Time 29 اپریل ، 2025
پاکستان

چین اور ترکیہ نے واضح کہا ہےکہ ہم آپ کے ساتھ ہیں: وزیر خارجہ

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور  وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےکہا ہےکہ سندھ طاس معاہدے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، چین اور ترکیہ نے معاملےپر واضح کہا ہےکہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اتحاد کے مظاہرے پر تمام سینیٹ ارکان کا مشکورہوں،  قومی سلامتی کےمعاملے پر ہم سب ایک ہیں، بھارت نے اگر کوئی کارروائی کی تو بھرپورجواب دیاجائےگا، ہم پہل نہیں کریں گے، بھارت نے پہل کی تواینٹ کا جواب پتھر سے ہوگا۔

 اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ  دوست ملکوں کو بھارتی بے بنیاد الزامات سے آگاہ کیا ہے، کچھ ممالک خود ہمارے ساتھ اس معاملے پربات کرنےکو تیار ہیں،کچھ ممالک کو ہم نے صورتحال پر  بریف کیا، چین اور ترکیہ نے معاملے پر  واضح کہا ہےکہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ سعودی عرب، قطر، ہنگری، آذربائیجان اور  یواے ای کے وزرائے خارجہ سے بات کی، چین کے وزیرخارجہ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں، چین کا بیان وزارت خارجہ نے جاری کردیا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  معاہدے ختم نہیں ہوسکتے جب تک دونوں فریق اتفاق نہ کریں، شک ہے سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کے لیے یہ ڈرامہ رچایا گیا، سندھ طاس حساس معاملہ ہے، کسی جنگ میں اس معاہدے کو معطل نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اس واقعے سے کوئی لینا دینا نہیں، پاکستان کی پوزیشن ہر گھنٹے کے ساتھ دنیا میں واضح ہو رہی ہے، بھارت بیانیے میں اپنی گیم ہار گیا ہے، دنیا کو قائل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

مزید خبریں :