30 اپریل ، 2025
دنیا بھر میں لوگ بڑی تعداد میں ذیابیطس اور ہائی بلڈپریشر کے شکار بنتے جا رہے ہیں، جس کی وجہ غیر صحت بخش کھانا اور ہماری طرز زندگی ہے۔
سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ ذیابیطس اور ہائی بلڈپریشر کیوں ہوتا ہے؟ ورزش سے دوری اور تلے ہوئے، مرچ مصالحے والے کھانے، چینی سے بنے پکوان، کولڈ ڈرنکس سمیت ایسے بہت سے کھانے ہیں جن کو ہم روزانہ کی بنیاد پر مزے لے کر کھا رہے ہوتے ہیں لیکن ہم ان کے نقصانات سے واقف نہیں ہوتے۔
بہت سے لوگوں کو یہ مسئلہ اس حد تک سنگین ہوتا ہے کہ ادوایات کے استعمال سے بھی کنٹرول کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
اگر ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق دی گئی ادویات اور پرہیز کے ساتھ ساتھ کچھ ٹوٹکوں کو نہار منہ استعمال کریں تو آپ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
آملہ
آملہ میں قدرت نے وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈینٹ کی بھرمار رکھی ہے جو ذیابیطس اور ہائی بلڈپریشر دونوں کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ جسم سے کولیسٹرول کی سطح کو بھی کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے جس کی وجہ سے آپ کے دل کی لمبی عمر ہو سکتی ہے۔
میتھی دانے کا پانی
میتھی کے بیجوں سے قدرتی طور پر ذیابیطس کا علاج کیا جا سکتا ہے، یہ چھوٹے بیج فائبر سے بھرے ہوتے ہیں، جو خون میں شوگر کی سطح کو کم کر دیتے ہیں۔
ایک کھانے کا چمچ میتھی کے بیجوں کو رات بھر پانی میں بھگو کر خالی پیٹ پینے سے خون میں شوگر کی سطح اور انسولین کی حساسیت بہتر ہوتی ہے جبکہ بلڈ پریشر کو کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
ہلدی اور لیموں کا رس
ہلدی میں سوزش سے لڑنے کی خصوصیات پائی جاتی ہے جو بلڈ شوگر اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک اور بہترین نسخہ ہے۔
ہلدی میں فعال مرکب Curcumin خون میں شوگر کی سطح کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے اور انسولین کی حساسیت کو بڑھاتا ہے جبکہ لیموں کا رس شامل کرنے سے ہاضمے کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
ٹماٹر اور انار کا جوس
ٹماٹر اور انار دونوں میں اینٹی آکسیڈینٹس، وٹامنز اور معدنیات کی خاصی مقدار ہوتی ہے جو دل کی صحت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ٹماٹروں میں لائکوپین ہوتا ہے جو کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کی سطح کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
دوسری جانب انار کا رس خون کی گردش کو بہتر بنانے اور سوزش کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، خالی پیٹ اس کا استعمال فائدے مند ہے۔