Time 09 اپریل ، 2025
صحت و سائنس

ذیابیطس جیسے عام مرض سے محفوظ رہنے کا آسان طریقہ جانیں

ذیابیطس جیسے عام مرض سے محفوظ رہنے کا آسان طریقہ جانیں
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

ذیابیطس ٹائپ 2 ایسی بیماری ہے جس کے دوران لبلبہ مناسب مقدار میں انسولین نہیں بناتا یا انسولین کو درست طریقے سے استعمال نہیں کر پاتا۔

اس کے نتیجے میں بلڈ شوگر کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوتا ہے جس سے وقت گزرنے کے ساتھ اعضا کو نقصان پہنچتا ہے۔

اگر بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول نہ کیا جائے تو امراض قلب، بینائی سے محرومی، اعصاب اور اعضا کو نقصان پہنچنے سمیت دیگر پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تاہم اگر آپ ذیابیطس جیسے دائمی مرض سے خود کو ہمیشہ محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو مسلز کو مضبوط بنانے والی سرگرمیوں کو اپنا معمول بنالیں۔

یہ بات ہانگ کانگ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہانگ کانگ یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ مسلز مضبوط ہونے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ 40 فیصد سے زیادہ کم ہو جاتا ہے۔

اس سے قبل بھی دریافت ہوچکا ہے کہ مسلز کی مضبوطی سے متعدد امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے مگر یہ پہلی بار ہے جب تحقیق میں مسلز کی مضبوطی اور ذیابیطس کے خطرے میں کمی کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا۔

اس تحقیق میں ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد ایسے افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی جو آغاز میں ذیابیطس سے محفوظ تھے۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 7 سال تک لیا گیا جس دوران 4743 میں ذیابیطس ٹائپ 2 کی تشخیص ہوئی۔

تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملا کہ جن افراد کے مسلز مضبوط ہوتے ہیں ان میں ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ 44 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ مسلز کی صحت کو مستحکم رکھنے سے درمیانی عمر یا بڑھاپے میں آپ خود کو ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچا سکتے ہیں، جاہے جینیاتی طور پر اس کا خطرہ ہی کیوں نہ لاحق ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

اس تحقیق کی نتائج جرنل بی ایم سی میڈیسن میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل نومبر 2023 میں برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ چہل قدمی خاص طور پر تیز رفتاری سے چلنے کی عادت ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تیز رفتاری سے چہل قدمی سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ لگ بھگ 40 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں 1999 سے 2022 کے دوران ہونے والے تحقیقی کام کا تجزیہ کیا گیا۔

اس تحقیقی کام میں چہل قدمی کی رفتار اور ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کے خطرے کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا تھا۔

بعد ازاں محققین نے مختلف افراد میں چہل قدمی کی کم، معتدل اور زیادہ رفتار کے اثرات کی جانچ پڑتال کی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ عام رفتار (2 میل فی گھنٹہ سے کم رفتار) سے چہل قدمی کرنے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ 15 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

اسی طرح معتدل (2 سے 3 میل فی گھنٹہ) رفتار سے چلنے سے اس دائمی مرض کا خطرہ 24 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں تیز رفتاری (3 سے 4 میل فی گھنٹہ) سے چہل قدمی کرنے کے عادی افراد میں ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ 39 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

تحقیق میں چہل قدمی سے ذیابیطس کے خطرے میں کمی آنے کی وجوہات بیان نہیں کی گئیں۔

مزید خبریں :