Time 30 اپریل ، 2025
دنیا

مودی سرکار نے کشیدگی اتنی بڑھا دی ہے کہ کچھ نہ کچھ ضرور ہوگا، سابق بھارتی ائیر وائس مارشل

بھارتی فضائیہ کے سابق ائیر وائس مارشل اور ممتاز تجزیہ کار کپل کاک نے کہا ہے کہ کشیدگی میں کمی تو دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان بات چیت سے ہی ہوسکتی ہے۔

کپل کاک نے کہا کہ بھارت کی موجودہ قیادت کی جانب سے غیر جانب دارانہ تحقیقات کی پیشکش کا مثبت جواب آنے کا امکان نہیں ہے۔ 

جیو نیوز سے گفتگو میں کپل کاک نے کہا مودی سرکار نے کشیدگی اتنی بڑھا دی ہے کہ کچھ نہ کچھ ضرور ہوگا، ہوسکتا ہے فروری 2019 کی طرح دونوں ملک ایک ایک کارروائی کرنے کے بعد کشیدگی میں کمی لانا شروع کردیں۔ 

بھارتی دانشور جے دیپ داس نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ دوستانہ رہے اور اب بھی دشمنی نہیں چاہتے۔ 

انہوں نے کہا کہ کچھ دہائیوں سے حکومتی اور ریاستی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات دوسری طرف جانا شروع ہوگئے،  پہلگام واقعے کا اثر شہریوں پر پڑنا افسوس ناک اور عوام کے لیے پریشان کن ہے۔


مزید خبریں :