09 مئی ، 2025
ہم سب ہی صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں اور یہ خواہش ہوتی ہے عمر میں اضافے کے ساتھ کم از کم بیماریوں کا سامنا ہو۔
اب ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ اچھی صحت کے لیے ہر رات کتنے گھنٹے کی نیند ضروری ہے۔
درحقیقت تحقیق کے نتائج حیرت انگیز ہیں کیونکہ نیند کے مثالی دورانیے کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ آپ کہاں مقیم ہیں۔
یہ بات کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
برٹش کولمبیا یونیورسٹی کی تحقیق میں 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے لگ بھگ 5 ہزار افراد کی نیند اور صحت کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ اچھی صحت کے لیے ہر رات نیند کا مثالی دورانیہ مختلف ثقافتوں میں نمایاں حد تک مختلف ہے۔
درحقیقت تحقیق کے نتائج سے اس عام خیال کی نفی ہوتی ہے کہ دنیا بھر میں ہر فرد کو اچھی صحت کے لیے یکساں دورانیے (7 سے 8 گھنٹے) نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔
تحقیق میں سابقہ تحقیقی رپورٹس کے ان نتائج کی تصدیق کی گئی ہے کہ ہر ملک میں نیند کا اوسط دورانیہ مختلف ہوتا ہے۔
مثال کے طور پر جاپان میں نیند کا اوسط دورانیہ 6 گھنٹے 18 منٹ، فرانس میں 7 گھنٹے 52 منٹ جبکہ کینیڈا میں 7 گھنٹے 27 منٹ ہے۔
محققین نے بتایا کہ عام طور پر ہر فرد کو ہر رات 8 گھنٹے کی نیند کا مشورہ دیا جاتا ہے مگر ہماری تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ ہر فرد کے لیے نیند کا بہترین دورانیہ مختلف ہوسکتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جن ممالک میں لوگ اوسطاً کم وقت تک سونے کے عادی ہوتے ہیں, ان کی صحت متاثر ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
محققین کے مطابق جن افراد کی نیند کا دورانیہ اپنی ثقافت کے مطابق ہوتا ہے، ان کی مجموعی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ نیند کا مثالی دورانیہ وہ ہے جو آپ کی ثقافت کا طے کردہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تمام 20 ممالک میں لوگ عموماً اپنی ثقافت کے مثالی دورانیے سے ایک گھنٹے کم سونے کے عادی ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع ہوئے۔