23 اپریل ، 2025
اگر آپ بادام کھانا پسند کرتے ہیں تو یہ عادت صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوسکتی ہے۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
جرنل کرنٹ ڈویلپمنٹس ان نیوٹریشن پرسیکیٹیو میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ بادام کھانے سے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے، جبکہ بلڈ کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کی سطح بھی گھٹ جاتی ہے۔
اس تحقیق میں ماضی میں ہونے والی متعدد تحقیقی رپورٹس کے نتائج کا تجزیہ کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ 50 گرام بادام کھانے سے جسمانی وزن میں بتدریج کمی آسکتی ہے۔
اسی طرح یہ گری کھانے سے صحت کے لیے نقصان دہ ایل ڈی ایل کولیسٹرول کی سطح میں بھی کمی آتی ہے۔
اس کے لیے روزانہ 50 گرام باداموں کا استعمال 10 ہفتوں تک کرنا ہوگا جس سے کولیسٹرول کی سطح میں 5 فیصد تک کمی آسکتی ہے اور دائمی امراض قلب کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ بادام میں ایسے متعدد اجزا موجود ہوتے ہیں جو کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتے ہیں، جیسے غذائی فائبر، صحت کے لیے مفید چکنائی اور دیگر۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ بادام کھانے سے بلڈ گلوکوز کی سطح میں بھی نمایاں کمی آسکتی ہے، خاص طور پر ایسے افراد جو ہائی بلڈ شوگر کے مریض ہوں اور فی الحال ذیابیطس ٹائپ 2 سے محفوظ ہوں۔
محققین کے مطابق ہم نے دریافت کیا کہ ہر وقت کے کھانے سے 30 منٹ قبل 20 گرام بادام کھانے سے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے، پیٹ اور کمر کا حجم گھٹ جاتا ہے اور انسولین کی مزاحمت بھی کم ہو جاتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 3 ماہ تک اس معمول کو برقرار رکھنے سے بلڈ گلوکوز کی سطح معمول پر آجاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صبح اور شام کچھ مقدار میں بادم کھانے سے لوگوں کی صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے اور اس گری کو کھانے سے کوئی نقصان بھی نہیں ہوتا۔